جرمنی کی ایک اے آئی ویڈیو پروڈکشن کمپنی ’دی ڈور برادرز‘ نے ایک سائنس فکشن شارٹ فلم کا ٹریلر ریلیز کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا ہے کہ اس فلم کو اے آئی کی مدد سے صرف ایک دن میں تیار کیا گیا ہے۔
’دی ڈور برادرز‘ نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر اپنی نئی سائنس فکشن فلم کا 3 منٹ کا ٹیزر شیئر کیا ہے۔
فلم کا ٹریلر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ہے کہ ہم نے 200 ملین ڈالرز یعنی تقریباً 60 ارب روپے کے بجٹ جیسی فلم کو اے آئی کی مدد سے صرف 1 دن میں تیار کر لیا ہے۔
اس سائنس فکشن شارٹ فلم کا ٹریلر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے اور ’دی ڈور برادرز‘ کی جانب سے کیے گئے دعوے نے ناصرف انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں بلکہ ہالی ووڈ کے فلم پروڈیوسرز اور ڈیجیٹل کری ایٹرز میں بھی بحث چھیڑ دی ہے۔
اس شارٹ فلم کو اسٹوڈیو نے اپنے’ڈور لیبز‘ پلیٹ فارم کے ٹولز استعمال کرتے ہوئے بنایا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل اس فلم کے ٹریلر میں سنیماٹک کیمرہ موشن اور بڑے شہر کے مناظر جیسے عناصر شامل کیے گئے ہیں۔
اس طرح کے مناظر کو فلموں میں شامل کرنے کے لیے عموماً مہینوں کی محنت اور سیکڑوں ویژیول ایفیکٹس آرٹسٹس کی ضرورت ہوتی ہے۔
صارفین کی جانب سے فلم کے وائرل ویڈیو کلپ پر ملے جلے ردِعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
کچھ صارفین نے اے آئی کی مدد سے بنائی گئی ویڈیو کے حقیقت کے قریب تر ہونے پر تعریف کی ہے جبکہ کچھ صارفین نے غیر حقیقی طبیعیات، کردار کی گہرائی میں کمی اور کہانی میں جان نہ ہونے جیسے مسائل کی نشاندہی کی ہے۔












جمعہ 20 فروری 2026 