پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف اداکار دانش تیمور نے اپنے عمرے کا تجربہ بیان کر دیا۔
ان دنوں دانش تیمور نجی ٹی وی چینل کے لیے رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی کر رہے ہیں، جبکہ رمضان المبارک کے آغاز سے قبل انہوں نے اہلیہ و اداکارہ عائزہ خان کے ہمراہ عمرے کی سعادت بھی حاصل کی ہے۔
حالیہ پروگرام کے دوران اداکار نے اپنی اہلیہ عائزہ خان کے ہمراہ ادا کیے گئے عمرے کے روحانی سفر کی تفصیلات ناظرین کے ساتھ شیئر کیں۔
اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے دانش تیمور نے کہا کہ عمرے یا حج کے دوران میں نے جو محسوس کیا، اسے الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں، کیونکہ یہ ایک ماورائی کیفیت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج بھی مجھے یوں محسوس ہوتا ہے جیسے میں خانہ کعبہ کے سامنے موجود ہوں، یقین کریں وہ سکون اور سرور اب تک میرے دل میں قائم ہے، جب بھی آنکھیں بند کرتا ہوں تو کعبہ کو اپنے سامنے پاتا ہوں۔
اداکار نے کہا کہ ان جذبات کو مکمل طور پر بیان کرنا ممکن نہیں، تاہم میری دعا ہے کہ ہمیں بار بار وہاں حاضری کی سعادت نصیب ہو، اللّٰہ تعالیٰ یہ سعادت سب کو عطا فرمائے، آمین۔
واضح رہے کہ دانش تیمور کا شمار پاکستان کے مقبول ترین اور سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے اداکاروں میں ہوتا ہے، ان کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر 8.9 ملین فالوورز ہیں۔
ان کے مقبول ڈراموں میں دیوانگی، کیسی تیری خود غرضی، جان نثار، اب دیکھ خدا کیا کرتا ہے اور عشق ہے شامل ہیں۔
ان کا ڈرامہ سیریل ہمراہی جلد نجی ٹی وی پر نشر کیا جائے گا، اس کے علاوہ دانش ماڈلنگ اور میزبانی کے میدان میں بھی نمایاں مقام رکھتے ہیں۔












جمعہ 20 فروری 2026 