چین کے ساتھ روس، یوکرین اور غزہ کے معاملات پر بات چیت جاری ہے، صدر ٹرمپ

Calender Icon ہفتہ 20 ستمبر 2025

واشنگٹن(انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ چین کے ساتھ روس، یوکرین اور غزہ کے معاملات پر بات چیت جاری ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ چین کے ساتھ مل کر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ ٹک ٹاک پر بہت سخت کنٹرول کیا جائے گا اور اس حوالے سے چینی صدر کی جانب سے ڈیل منظور کرنے پر ان کے مشکور ہیں۔

امریکی صدر نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترک صدر رجب طیب اردوان کے ساتھ بڑے تجارتی اور دفاعی معاہدوں پر کام جاری ہے اور وہ پچیس ستمبر کو وائٹ ہاؤس میں ترک صدر کا استقبال کریں گے۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ انہوں نے گولڈ کارڈ کے اجرا کے لیے صدارتی حکم نامے پر دستخط کر دیے ہیں۔

بگرام ایئربیس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ بگرام ایئربیس چھوڑنا ایک شرمناک لمحہ تھا اور اب اسے واپس لینے کے لیے افغانستان سے مذاکرات جاری ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ ان مذاکرات کی قیادت امریکی نمائندہ خصوصی ایڈم بوہلر کر رہے ہیں۔

ٹرمپ نے کہا کہ بگرام ایئربیس چینی نیوکلیئر سائٹ کے بہت قریب ہے اور یہ اُس مقام سے صرف ایک گھنٹے کے فاصلے پر ہے جہاں چین اپنے جوہری ہتھیار تیار کرتا ہے۔

امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق بگرام ایئربیس پر محدود تعداد میں امریکی فوج کی دوبارہ تعیناتی پر غور کیا جا رہا ہے۔