ایشیا کپ کے فائنل میں پاک بھارت ٹاکرا، تابش ہاشمی کا دلچسپ تبصرہ وائرل

Calender Icon اتوار 28 ستمبر 2025

جیو نیوز کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ کے میزبان تابش ہاشمی کا ایشیا کپ میں پاک بھارت فائنل میچ پر دلچسپ تبصرہ وائرل ہوگیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں انہوں نے بھارتی شائقین کے لیے فکرمندی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان انڈیا کا میچ ہے، اور میں بھارتی شائقین کے لیے پریشان ہوں کہ وہ جیتنے کے بعد ہمارا مذاق کیسے اُڑائیں گے؟


انہوں نے روسٹنگ کرتے ہوئے کہا کہ ان (بھارتیوں) سے زیادہ تو ہمیں پتہ ہے کہ کیا ہوگا میچ میں، ہم کسی خیالی دنیا میں نہیں ہیں تو وہ ہمارا مذاق کیسے اُڑائیں گے؟

انہوں نے پاکستانیوں کے لیے پریشانی ظاہر کی اور مزید روسٹ کرتے ہوئے کہا کہ دوسری طرف ہم الٹا اپنے اوپر دباؤ ڈالیں گے کہ اگر ہم جیت گئے تو کیا ہوگا؟ بھارتی ہم سے آنکھیں کیسے ملائیں گے؟ ہاتھ تو پہلے ہی نہیں ملا رہے تھے۔

تابش ہاشمی کے مطابق مسئلہ یہ نہیں ہے کہ اگر ہم جیت گئے تو کیا ہوگا، باس خوش ہوں گے، غلام آزاد ہوں گے، حکومت کام پر لگ جائے گی، مجھے بل ادا کرتے ہوئے برا نہیں لگے گا، احمد شہزاد خاموش بیٹھیں گے، یہ سب ہو جائے گا اگر ہم جیت گئے تو، بھارتیوں کو یہ پتہ چل جانا چاہیے کہ ہم یہ سوچ رہے ہیں، وہ کنفیوژ ہو جائیں گے کہ ہم ایسا کیوں سوچ رہے ہیں؟ مگر ہم سوچ رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ کم بخت ایسے کھلاڑی رکھیں ہیں، چیٹ کوڈ لگا کے کھیل رہا ہے ابھیشیک شرما، اتنی دور سے بولر بھاگتے ہوئے آرہے ہیں ان کو پھر واپس بھگا رہا ہے، ماں باپ نے اس کو تمیز نہیں سکھائی۔