کسی کے جذبات کوٹھیس نہیں پہنچاناچاہتا،اے آر رحمان کی متنازعہ تبصرے پر معذرت

Calender Icon پیر 19 جنوری 2026

ممبئی(شوبز ڈیسک)عالمی شہرت یافتہ بھارتی موسیقار اور گلوکار اے آر رحمان حالیہ دنوں بی بی سی ایشین نیٹ ورک کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اپنے ایک بیان کے باعث خبروں کی زینت بنے، جسے بعض حلقوں نے فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کی۔ تاہم بعد ازاں اے آر رحمان نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا ہرگز نہیں تھا۔

ایک اور انٹرویو میں، ماں تجھے سلام کے خالق نے بتایا کہ انہوں نے گزشتہ چند برسوں میں شعوری طور پر زیادہ کام کیا تاکہ نئی نسل کے سامعین تک اپنی موسیقی کو مؤثر انداز میں پہنچا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 2019 سے 2025 کے دوران انہوں نے تقریباً 20 سے 30 فلموں کے لیے موسیقی ترتیب دی، جو ان کے اس پہلے بیان کے برعکس ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ گزشتہ آٹھ برسوں میں ان کے کام کی رفتار کم ہو گئی تھی۔

اے آر رحمان نے دی ہالی ووڈ رپورٹر کو بتایا کہ گزشتہ چھ برسوں کے دوران انہیں بار بار نوّے کی دہائی کی موسیقی سے جوڑ کر دیکھا گیا۔
“لوگ مجھ سے کہتے تھے کہ سر، آپ نے 1992 میں روجا جیسی شاندار موسیقی دی تھی۔ اس طرح کی باتوں سے مجھے محسوس ہونے لگا کہ شاید میری موجودہ موسیقی کو سراہا نہیں جا رہا۔ اس کا اثر میرے موڈ پر پڑا،” انہوں نے کہا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اسی احساس کے بعد انہوں نے مسلسل کام کرنے کا فیصلہ کیا۔
“میں نے سوچا کہ کیوں نہ لگاتار فلمیں کروں۔ پچھلے چھ برسوں میں میں نے 20 سے 30 فلموں میں کام کیا۔ اس کا مقصد یہ تھا کہ میری موسیقی آنے والی نسل کے لیے محفوظ ہو جائے، اور یہ سب کچھ جان بوجھ کر کیا گیا،” کن فیا کن کے گلوکار نے کہا۔

متنازعہ بیان پر تنقید کے بعد اے آر رحمان نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے وضاحت دی۔
انہوں نے کہا، “میرے دوستو، موسیقی ہمیشہ میرے لیے لوگوں کو جوڑنے، ثقافت کو منانے اور اس کا احترام کرنے کا ذریعہ رہی ہے۔ بھارت میری تحریک، میرا استاد اور میرا گھر ہے۔ بعض اوقات نیت کو غلط سمجھ لیا جاتا ہے، لیکن میرا مقصد ہمیشہ موسیقی کے ذریعے خدمت اور احترام رہا ہے۔ میں نے کبھی کسی کو تکلیف پہنچانے کا ارادہ نہیں رکھا۔”

اے آر رحمان نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ہندی فلم انڈسٹری میں طاقت کے بدلتے ہوئے مراکز بھی ان کے کام میں کمی کی ایک وجہ بنے۔
ان کے مطابق، “اکثر ایسے لوگ فیصلے کر رہے تھے جو تخلیقی نہیں تھے۔ بعض اوقات مجھے بتایا جاتا کہ مجھے فلم کے لیے بُک کیا گیا ہے، لیکن بعد میں معلوم ہوتا کہ میوزک کمپنی نے پانچ اور کمپوزرز بھی رکھ لیے ہیں۔ ایسے میں میں نے سوچا کہ بہتر ہے گھر والوں کے ساتھ وقت گزاروں۔”

حالیہ برسوں میں اے آر رحمان نے پونّیین سیلوان (حصہ اول و دوم)، پتھو تھلا، مامنان، ایالان، لال سلام، رایان، تھگ لائف (تامل) جبکہ ہندی فلموں میں شکارا، 99 سانگز، دل بیچارا، ممی، ہیروپنٹی 2 اور تیرے عشق میں سمیت متعدد فلموں کے لیے موسیقی ترتیب دی۔