پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے مبینہ طور پر اپنی بہن علیمہ خان کو پارٹی معاملات میں دخل اندازی سے روک دیا ۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے دو سینئر رہنما حال ہی میں عمران خان سے جیل میں ملاقات کے دوران علیمہ خان کے کردار پر تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں۔ ان رہنماؤں نے بانی پی ٹی آئی کو بتایا کہ پارٹی کے بعض معاملات سے متعلق انہیں جو اطلاعات دی جا رہی ہیں، وہ یکطرفہ اور گمراہ کن ہیں۔
ذرائع کے مطابق ان رہنماؤں نے شکایت کی کہ عمران خان کی ان سے براہِ راست ملاقات نہ ہونے کی وجہ سے غلط فہمیاں پیدا ہوئیں، اور علیمہ خان نے خیبرپختونخوا حکومت سے متعلق بعض حقائق توڑ مروڑ کر پیش کیے۔ اسی تناظر میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے حالیہ ملاقات میں عمران خان کو صورت حال کی اصل تصویر سے آگاہ کیا۔
دوسری جانب، علیمہ خان نے گزشتہ ماہ ایک انٹرویو میں وکیل سلمان اکرم راجہ سے اختلافات کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے درمیان کوئی تلخ کلامی نہیں ہوئی۔ علیمہ کا کہنا تھا کہ سلمان اکرم راجہ نہ صرف ان کے وکیل ہیں بلکہ انہیں خاندان کا فرد تصور کیا جاتا ہے، اور ایسی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔
عمران خان نے علیمہ خان کو پارٹی امور میں مداخلت سے روک د یا

