پشاور(ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا کی مختلف جامعات میں زیر تعلیم طالبات کے لیے آئی ایس پی آر کے زیر اہتمام ونٹر انٹرنشپ پروگرام کامیابی سے جاری ہے، جس کا مقصد نوجوان نسل کی تربیت، قومی جذبہ بیدار کرنا اور دفاعی شعبے سے متعلق عملی آگاہی فراہم کرنا ہے۔
انٹرنشپ پروگرام کے تحت طالبات نے سپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) کے پیرا ٹریننگ سکول پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہیں پیرا ٹروپرز کو دی جانے والی پیشہ ورانہ تربیت، زیرِ استعمال آلات اور عملی مشقوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ایس ایس جی کے ماہر انسٹرکٹرز نے پیرا جمپس کے طریقہ کار پر روشنی ڈالی اور عملی مظاہرے بھی پیش کیے۔
طالبات نے پیرا ٹروپرز کے زیر استعمال خصوصی سامان میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور خود بھی ٹاور جمپس کا عملی تجربہ حاصل کیا۔ اس موقع پر طالبات نے ایس ایس جی کمانڈوز کے نظم و ضبط، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس دورے سے انہیں ملک کے دفاع میں افواجِ پاکستان کے کردار کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا۔
طالبات کا کہنا تھا کہ پیرا ٹریننگ سکول کا دورہ معلوماتی، متاثرکن اور یادگار ثابت ہوا۔ انہوں نے کہا کہ یہاں آ کر دیکھا کہ کس طرح پیرا ٹروپرز ہوا میں جمپس لگا کر وطن کے دفاع کی ذمہ داریاں نبھاتے ہیں، سخت ٹریننگ اور نظم و ضبط کو دیکھ کر اندازہ ہوا کہ ملک کی حفاظت کے لیے ایس ایس جی کے جوان کیا کچھ کرتے ہیں۔ طالبات کے مطابق اس تجربے سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا اور قومی شعور مزید مضبوط ہوا۔
دورے کے اختتام پر طالبات نے پیرا ٹریننگ سکول کے تعلیمی و تربیتی ماحول کو انتہائی مفید قرار دیا اور دورہ کرانے پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اس تجربے کو اپنی عملی زندگی میں مثبت انداز میں بروئے کار لائیں گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نوجوان نسل کی تربیت اور قومی شعور اجاگر کرنے کے لیے ایسے پروگرام مستقبل میں بھی جاری رکھے جائیں گے، تاکہ طالبات کو قومی سلامتی اور دفاعی اداروں کے کردار سے آگاہ کیا جا سکے۔












اتوار 25 جنوری 2026 