شدید برف باری کے باعث تیراہ میں پاک فوج کی فوری اور مؤثر ریلیف سرگرمیاں جاری

Calender Icon اتوار 25 جنوری 2026

تیراہ(ویب ڈیسک) تیراہ میں مسلسل اور شدید برف باری کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں، تاہم پاک فوج کی جانب سے فوری اور مؤثر ریلیف سرگرمیاں کئی روز سے جاری ہیں۔ خراب موسم اور دشوار گزار راستوں کے باوجود سیکیورٹی فورسز مقامی آبادی کی مدد اور روزمرہ زندگی کی بحالی کے لیے متحرک ہیں۔

ریلیف آپریشن کے دوران برف میں پھنسنے والی متعدد گاڑیوں کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقامات تک منتقل کیا گیا، جبکہ اہم زمینی راستوں کی بحالی کے لیے بھی بھرپور اقدامات کیے گئے۔ پاک فوج اور ایف سی کے افسران و جوان شدید موسمی حالات اور مواصلاتی مشکلات کے باوجود ذاتی طور پر امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔

امدادی کارروائیوں کے دوران متاثرہ خاندانوں میں کھانا، کمبل اور ہنگامی طبی امداد سمیت ضروری اشیائے ضرورت فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ سردی سے بچاؤ اور فوری طبی سہولت ممکن بنائی جا سکے۔ پاک فوج کی بروقت اور پیشہ ورانہ حکمت عملی کے باعث کئی علاقوں میں اہم زمینی رابطے بحال ہو چکے ہیں۔

مقامی شہریوں نے سخت موسمی حالات میں پاک فوج اور ایف سی کی جانب سے جاری امدادی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بروقت کارروائیوں سے نہ صرف مشکلات میں کمی آئی بلکہ متاثرہ افراد کو فوری سہارا بھی ملا۔

پاک فوج نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ مقامی آبادی کی فلاح و بہبود، امن کے قیام اور معمولاتِ زندگی کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔