امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ غیر ملکی فلموں پر سو فیصد ٹیرف لگایا جائےگا۔ صدر ٹرمپ نے ایسا کرنے سے متعلق مئی میں بھی خبردار کیا تھا تاہم اس وقت عمل کرنے سے گریز کیا تھا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری پیغام میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ ایسی تمام فلموں پر ٹیکس لگائیں گے جو امریکا سے باہر تیار کی جائیں گی۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ فلموں کے بزنس کو دیگر ممالک نے امریکا سے ایسے چرایا ہے جیسے بچوں سے ٹافی چرا لی جاتی ہے۔
کیلیفورنیا کے ڈیموکریٹک گورنر گیون نیوسم کو کمزور اور نااہل گورنر قرار دیتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ دیگر ممالک کے اس اقدام سے سب سے زیادہ متاثر کیلیفورنیا ہوا ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان ممالک پر بھی قابل ذکر ٹیرف عائد کیا جائے گا جو امریکا میں فرنیچر تیار نہیں کریں گے۔
اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے ڈیموکریٹک پارٹی کے نامزد میئر امیدوار نیویارک زہران ممدانی پر بھی تنقید کی۔
انہوں نے کہا کہ زہران ممدانی ری پبلکن پارٹی کے لیے بہترین ثابت ہوں گے کیونکہ انہیں واشنگٹن کے ساتھ ایسے مسائل کا سامنا ہوگا جو تاریخ میں کسی میئر کو نہیں ہوا ہوگا۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ وعدے مکمل کرنے کے لیے زہران کو امریکی صدر سے رقم چاہیے ہوگی اور وہ انہیں رقم نہیں دیں گے اس لیے زہران کو ووٹ دینے کا لوگوں کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔