طلباء انسانیت کی خدمت کو اپنا نصب العین بنائیں، گورنر پنجاب

Calender Icon بدھ 28 جنوری 2026

سرگودھا:(نیوزڈیسک) پنجاب کے گورنر سردار سلیم حیدر خان نے یونیورسٹی آف سرگودھا کے بارہویں کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے طلبا کو زندگی میں چیلنجز کا حوصلے اور عزم کے ساتھ مقابلہ کرنے کی اہمیت سے آگاہ کیا۔گورنر نے کہا کہ حقیقی کامیابی صرف ذاتی حصول تک محدود نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت میں اپنے کردار کو نمایاں کرنا بھی ضروری ہے۔

انہوں نے طلبا سے کہا کہ اپنی امنگوں کو معاشرتی بھلائی اور انسانیت کی خدمت کے لیے استعمال کریں تاکہ زندگی کا اصل مقصد حاصل ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ سیکھنے کا عمل زندگی بھر جاری رہنا چاہئے اور اعلیٰ اخلاقی اقدار اپنانے کے ساتھ سماجی ذمہ داریوں کی پاسداری سے بہترین معاشرہ تشکیل پایا جا سکتا ہے۔

آخر میں گورنر نے کامیاب طلبا کو مبارک باد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ عملی زندگی میں اپنی ڈگری کے وقار کو برقرار رکھتے ہوئے قومی ترقی اور خوشحالی میں موثر کردار ادا کریں گے۔