بھارتی ریاست راجستھان کے شہر کوٹا میں ایک المناک حادثے میں معروف چائلڈ اداکار دس سالہ ویر شرما اور ان کے پندرہ سالہ بھائی شوریا شرما کی موت نے فنی حلقوں میں غمگین کردیا ہے۔ دونوں بھائی اپنے فلیٹ میں آگ لگنے کے نتیجے میں دم گھٹنے سے ہلاک ہوگئے۔
یہ دل دہلا دینے والا واقعہ انتن پورہ علاقے کی ڈیپ شری بلڈنگ کی چوتھی منزل پر پیش آیا، جہاں دونوں بھائی اپنے کمرے میں آرام کر رہے تھے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ڈرائنگ روم میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی، جو اگرچہ زیادہ نہیں پھیل سکی، لیکن اس سے پیدا ہونے والے دھوئیں نے پورے فلیٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ویر شرما نے مقبول ٹی وی شو میں کم عمر لکشمن کے کردار سے شہرت حاصل کی تھی اور وہ ایک آنے والی فلم میں سیف علی خان کے بچپن کے کردار کےلیے منتخب ہوئے تھے۔ ان کی اچانک موت نے نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے فنی حلقوں کو سوگ میں ڈال دیا ہے۔
حادثے کے بعد ویر شرما کے والد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت وہ قریب ہی کسی کام سے گئے ہوئے تھے جب کسی نے انہیں اطلاع دی کہ ان کے فلیٹ سے دھواں نکل رہا ہے۔ وہ فوری طور پر دوڑتے ہوئے گھر پہنچے اور دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے تو پورا فلیٹ دھوئیں سے بھرا ہوا تھا۔
انہوں نے اپنے جذبات پر قابو پاتے ہوئے بتایا کہ وہ فوری طور پر بچوں کو اسپتال لے گئے، لیکن بدقسمتی سے دونوں بھائیوں کا دم گھٹنے سے انتقال ہو چکا تھا۔ ان کے الفاظ میں ایک باپ کی پوری بے بسی اور دکھ صاف محسوس کیا جا سکتا تھا جب انہوں نے کہا کہ انہیں لگا تھا کہ وہ اپنے بچوں کو بچا لیں گے، مگر قسمت کو کچھ اور ہی منظور تھا۔
اس سانحہ نے ایک بار پھر رہائشی عمارتوں میں حفاظتی انتظامات کی کمی کو اجاگر کر دیا ہے۔ ویر شرما جیسے ہونہار آرٹسٹ کی اچانک موت نے نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پوری فنی دنیا کو گہرے دکھ میں ڈال دیا ہے۔