صنعتی بجلی سستی کرنے کا فیصلہ، فی یونٹ 4 روپے 40 پیسے کمی کا اعلان

Calender Icon جمعہ 30 جنوری 2026

اسلام آباد:(نیوزڈیسک) وفاقی وزیر پاور اویس لغاری نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں صنعتوں کے لیے بجلی کے بلوں میں 4 روپے 40 پیسے فی یونٹ کمی کے فیصلے کا اعلان کیا ہے۔

اویس لغاری کے مطابق حکومت کے ابتدائی دور میں صنعتوں پر بجلی کی مد میں 8 روپے 90 پیسے فی یونٹ کا اضافی بوجھ تھا، تاہم اب وزیراعظم پاکستان کی رہنمائی میں یہ بوجھ ختم کر دیا گیا ہے اور صورتحال آلحمداللہ صفر پر آ چکی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ صنعتوں سے اس بوجھ کے خاتمے کے نتیجے میں ویلنگ چارجز میں بھی کراس سبسڈی کی مد میں 4 روپے 40 پیسے فی یونٹ کمی ہوگی، جس سے صنعتی شعبے کو نمایاں ریلیف ملے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مجموعی طور پر صنعتوں کے لیے بجلی اب تقریباً ساڑھے گیارہ سینٹ فی یونٹ دستیاب ہوگی، جو صنعتی ترقی اور پیداواری لاگت میں کمی کے لیے اہم پیش رفت ہے۔

اویس لغاری نے اپنے پیغام کے اختتام پر “اڑان پاکستان زندہ باد” کا نعرہ بھی لگایا۔