وزیراعظم سے ملاقات، واجبات اور دہشت گردی سمیت مختلف امورزیربحث آئے ،سہیل آفریدی

Calender Icon پیر 2 فروری 2026

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج وزیراعظم سے تفصیلی ملاقات ہوئی جس میں بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ ملاقات میں خیبرپختونخوا کے وفاق کے ذمہ واجبات کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ وزیراعلیٰ کے مطابق 26 ارب روپے کے واجبات کی ادائیگی کے لیے وزیراعظم نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کو ذمہ داری سونپ دی ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ دہشت گردی کے معاملے پر ایک اور خصوصی اجلاس جلد منعقد کیا جائے گا تاکہ صورتحال کا جامع جائزہ لیا جا سکے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف حکومت کا مؤقف بالکل دو ٹوک ہے اور دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔

انہوں نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس ملاقات سے متعلق وزیراعظم سے کوئی گفتگو نہیں ہوئی اور نہ ہی انہوں نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا کوئی مطالبہ کیا ہے۔