صدر آزاد جموں و کشمیر مرحوم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی وفات پر وفاقی وزراء اور مشیر وزیراعظم کی تعزیت

Calender Icon منگل 3 فروری 2026

میرپور(نیوز ڈیسک) مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ خان، وفاقی وزیر برائے کشمیر و گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام، اور وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے مرحوم صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے گھر کا دورہ کیا اور فاتحہ خوانی کے بعد مرحوم کی وفات پر تعزیت کی۔

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر ہم مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ خان کی قیادت میں تعزیت کے لیے یہاں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور وفاقی حکومت کی طرف سے مرحوم کے اہل خانہ اور میرپور کے عوام سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا انتقال نہ صرف کشمیر بلکہ پورے پاکستان کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے کشمیر کے عالمی سطح پر موقف کو اجاگر کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا، اور یہ خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

بعد ازاں وفاقی وزراء اور مشیر وزیراعظم نے قبر پر حاضری دی، وزیر اعظم اور اپنی طرف سے پھولوں کی چادر چڑھائی اور دعا کی۔