مہنگائی مزید بڑھنے کا خدشہ، مجموعی معاشی منظرنامہ مستحکم نظر آرہا ہے، وزارت خزانہ

Calender Icon منگل 30 ستمبر 2025

وزارت خزانہ کی ماہانہ اکنامک اپ ڈیٹ آؤٹ لک رپورٹ کے مطابق سیلاب سے مہنگائی مزید بڑھنے کا خدشہ ہے البتہ مجموعی معاشی منظرنامہ مستحکم نظر آرہا ہے مہنگائی ساڑھے 3 سے ساڑھے 4 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق اگست میں مہنگائی 3 فیصد اور جولائی اگست کے دوران اوسطاً ساڑھے 3 فیصد تھی۔ مال سال کے پہلے دو ماہ میں معاشی استحکام اور ترقی کا تسلسل برقرار رہا ۔ جولائی کے شدید سیلاب کے باوجود مہنگائی میں کمی آئی۔ اس دوران بڑی صنعتوں کی پیداوار میں بہتری ریکارڈ کی گئی۔
 وزارت خزانہ کے مطابق مالی نظم و ضبط،محصولات میں اضافے اور اخراجات کے بہتر انتظام سے پرائمری سرپلس رہا۔ برآمدات،ترسیلات زر اور زرمبادلہ ذخائر بیرونی شعبے کے لیے سہارا فراہم کررہے ہیں۔ مانیٹری حالات مستحکم اور اسٹاک مارکیٹ میں بھی تیزی کا رحجان ہے جو سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔
  رپورٹ کے مطابق حالیہ سیلاب کی رکاوٹوں کے باوجود معاشی سرگرمیاں مستحکم ہیں۔ عالمی اجناس کی قیمتوں میں کمی درآمدی بل کم کرنے میں مددگار ہوگی۔