اسسٹنٹ کمشنر نوشکی ماریہ شمعون کا بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کو دوٹوک پیغام

Calender Icon بدھ 4 فروری 2026

نوشکی (ویب ڈیسک) اسسٹنٹ کمشنر نوشکی ماریہ شمعون نے بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کو واضح اور دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ 31 جنوری کو بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے غیر متزلزل عزم نے دشمن کے تمام عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

اسسٹنٹ کمشنر نوشکی نے فتنہ الہندوستان کے بزدلانہ حملے کو ناکام بنانے پر پاک فوج اور ایف سی سے اظہار تشکر کیا اور پاک فوج کے ساتھ کھڑے رہنے کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ 31 جنوری کو فتنہ الہندوستان نے ہمارے گھروں کا محاصرہ کرکے ڈپٹی کمشنر نوشکی محمد حسین اور ان کے اہل خانہ کو یرغمال بنانے کی کوشش کی، تاکہ ہمارے حوصلے پست کیے جائیں اور ہمیں عوامی خدمت سے روکا جا سکے، تاہم دہشت گردوں کو شدید ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا۔

اسسٹنٹ کمشنر نوشکی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے کوشش کی کہ ہم نوشکی کے عوام کی خدمت نہ کر سکیں، مگر پاک فوج اور ایف سی کی بروقت اور مؤثر کارروائی نے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔

انہوں نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں پاک فوج مسلسل ہمارے شانہ بشانہ رہی اور ہمیں بحفاظت گھروں تک پہنچایا گیا، جس پر وہ سیکیورٹی فورسز کی تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔

ماریہ شمعون نے کہا کہ میں اور میری فیملی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، کور کمانڈر کوئٹہ اور آئی جی ایف سی کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہیں جن کی قیادت اور رہنمائی میں یہ کامیاب کارروائی ممکن ہوئی۔

انہوں نے نوشکی سمیت بلوچستان کے عوام کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہم پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر قسم کے حالات میں عوام کی خدمت کا مشن جاری رکھیں گے۔ دشمن کبھی ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتا۔