کوئٹہ:(نیوزڈیسک) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے میں نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے گریڈ 1سے 15 کی 25 ہزار سے زائد آسامیاں مشتہر کر دی گئی ہیں۔ سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے پالیسی بیان میں وزیراعلیٰ نے بتایا کہ گریڈ 16 اور 17کی 4 ہزار خالی آسامیوں کی سمری پبلک سروس کمیشن کو ارسال کر دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ جن محکموں میں ٹیسٹ اور انٹرویوز مکمل ہو چکے ہیں وہاں جلد تعیناتی کے احکامات جاری کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دیگر محکموں کی خالی آسامیوں پر محکمہ فنانس کی طرز پر آن لائن ٹیسٹ اور خالص میرٹ پر بھرتیاں کی جائیں گی۔
میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ گڈ گورننس کا قیام میرٹ کے فروغ سے وابستہ ہے، وہ اپنے وعدے پر قائم ہیں اور بلوچستان کے لوگوں کی کوئی نوکری بیچنے نہیں دی جائے گی۔












بدھ 4 فروری 2026 