بہادرآباد، بڑی ڈکیتی، ڈاکو 200 تولے سونا اور1 لاکھ ڈالر کیش لے اڑے

Calender Icon بدھ 4 فروری 2026

کراچی: (نیوزڈیسک)شہر قائد کے علاقے بہادرآباد میں رواں سال کی سب سے بڑی ڈکیتی کی واردات سامنے آ گئی۔ جہاں مسلح ملزمان نے ایک شہری سے اس کے گھر پہنچتے ہی 200 تولہ سونا اور ایک لاکھ امریکی ڈالر لوٹ لیے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان نے شہری کا شارع فیصل سے تعاقب کیا۔ اور بہادرآباد میں اس کے گھر پہنچنے پر اس پر حملہ کر دیا۔ واردات میں چار مسلح موٹر سائیکل سوار شامل تھے جو قیمتی سامان لوٹنے کے بعد موقع سے فرار ہو گئے۔

پولیس کے مطابق اس واردات میں لوٹی گئی رقم اور زیورات کی مجموعی مالیت 13 کروڑ روپے سے زائد ہے۔ جسے رواں سال کی سب سے بڑی ڈکیتی قرار دیا جا رہا ہے۔

واقعے کے وقت علاقے میں سیف سٹی کیمروں اور سی پی ایل سی کی نگرانی موجود تھی۔ تاہم ملزمان تاحال پولیس کی گرفت میں نہیں آ سکے۔

پولیس نے مختلف مقامات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کر کے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیئے۔

پولیس کے مطابق متاثرہ شہری سید معاذ علی کی مدعیت میں بہادرآباد تھانے میں چار نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ملزمان کی تلاش اور گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور حکام کا کہنا ہے کہ جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔