یومِ یکجہتیٔ کشمیر: بلوچ طلباء و اساتذہ کا آزاد کشمیر کا دورہ، شہداء کو خراجِ عقیدت

Calender Icon جمعرات 5 فروری 2026

مظفرآباد (ویب ڈیسک)یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے بلوچستان سے آئے طلباء اور اساتذہ نے آزاد کشمیر کا دورہ کیا۔ وفد نے مظفرآباد پہنچ کر یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر طلباء اور اساتذہ نے کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ بلوچ طلباء کا کہنا تھا کہ وہ کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر حال میں ان کا ساتھ دیتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے لیے ہمارا واضح پیغام ہے کہ پاکستان ایک مضبوط فوج رکھتا ہے اور کشمیر کبھی بھارت کا حصہ نہیں بن سکتا، کشمیر پاکستان کا تھا، ہے اور رہے گا۔

اساتذہ نے شہدائے کشمیر کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ طلباء کی دیرینہ خواہش تھی کہ وہ خود کشمیر آ کر زمینی حقائق کو قریب سے دیکھیں اور کشمیری عوام کی جدوجہد کو سمجھیں۔ دورے کے دوران بلوچستان کے طلباء اور اساتذہ نے پاکستان، کشمیر اور افواجِ پاکستان کے حق میں نعرے بھی بلند کیے۔

بلوچ طلباء کے اس دورۂ آزاد کشمیر کو مسئلہ کشمیر سے متعلق ملک بھر کے عوام کی اصولی وابستگی اور کشمیری عوام سے غیر متزلزل یکجہتی کا واضح ثبوت قرار دیا جا رہا ہے۔