کور کمانڈر ملتان کی مختلف جامعات کے اساتذہ و طلبہ کیساتھ خصوصی نشست

Calender Icon جمعہ 6 فروری 2026

ملتان(نیوز ڈیسک) ملتان میں کور کمانڈر ملتان اور جنوبی پنجاب کی مختلف جامعات کے اساتذہ و طلبہ کے درمیان ایک خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان، ڈی جی خان میڈیکل کالج اور میر چاکر خان رند یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان کے اساتذہ و طلبہ نے شرکت کی۔ نشست میں متعلقہ جامعات کے وائس چانسلرز، فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔

اس موقع پر کور کمانڈر ملتان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دو قومی نظریہ ہماری قومی وحدت کی بنیاد ہے، کیونکہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی شناخت اور نظریاتی اساس کو مضبوط رکھنا نوجوان نسل کی ذمہ داری ہے تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔

کور کمانڈر نے آپریشن بنیان المرصوص میں اللہ تعالیٰ کی مدد اور قوم کی بھرپور حمایت سے حاصل ہونے والی کامیابیوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابیاں قومی اتحاد اور اداروں کے باہمی تعاون کا عملی مظہر ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ قومی شعور اور ذمہ داری کا احساس بھی اجاگر کریں۔

نشست کے دوران طلبہ اور فیکلٹی ممبران نے آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی پر فخر کا اظہار کیا اور نوجوانوں کی فکری و قومی رہنمائی میں پاک فوج کے کردار کو سراہا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ ایسی نشستیں طلبہ کو ملکی حالات، قومی سلامتی اور نظریاتی پہلوؤں سے آگاہ کرنے میں مدد دیتی ہیں۔

آخر میں شرکاء نے مستقبل میں بھی اس نوعیت کی آگاہی اور رہنمائی پر مبنی نشستوں کے انعقاد کی خواہش کا اظہار کیا تاکہ اساتذہ اور طلبہ کو قومی معاملات پر براہِ راست رہنمائی اور تبادلہ خیال کا موقع ملتا رہے۔