دہائی کی سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی اداکارہ کون ہے؟

Calender Icon بدھ 1 اکتوبر 2025

انٹرنیٹ مووی ڈیٹا بیس (آئی ایم ڈی بی) کی تازہ رپورٹ کے مطابق دیپیکا پڈوکون گزشتہ دہائی کی سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی بالی ووڈ شخصیت کے طور پر سامنے آئی ہیں، جنہوں نے شاہ رخ خان، سلمان خان، پربھاس اور رجنی کانت جیسے سپر اسٹارز کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

آئی ایم ڈی بی کی رپورٹ میں جنوری 2014 سے اپریل 2024 تک کی ہفتہ وار درجہ بندی کا تجزیہ کیا گیا، جو دنیا بھر میں ویب سائٹ کے 25 کروڑ ماہانہ وزٹرز کے اصل پیج ویوز پر مبنی ہے۔ اس فہرست میں دیپیکا پڈوکون پہلے نمبر پر ہیں، جبکہ شاہ رخ خان دوسرے نمبر پر ہیں۔

ٹاپ پانچ میں ایشوریا رائے اور عالیہ بھٹ بھی شامل ہیں، جبکہ پانچویں نمبر پر مرحوم عرفان خان ہیں۔ فہرست میں عامر خان چھٹے، سلمان خان آٹھویں، ریتھک روشن نویں اور اکشے کمار دسویں نمبر پر ہیں۔ علاقائی سنیما سے صرف پربھاس 29 ویں اور دھنوش 30 ویں نمبر پر ہیں۔

دیپیکا پڈوکون نے اس پوزیشن پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’جب میں نے اپنا سفر شروع کیا تو مجھے اکثر بتایا جاتا تھا کہ ایک عورت کو کامیاب ہونے کے لیے کس طرح اپنے کیریئر کو آگے بڑھانا چاہیے۔ لیکن شروع سے ہی میں سوال پوچھنے، اصول توڑنے اور مشکل راستہ اختیار کرنے سے نہیں ڈرتی تھی۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’’میری فیملی، مداحوں اور ساتھیوں نے مجھ پر جو اعتماد کیا، اس نے مجھے وہ فیصلے کرنے کا حوصلہ دیا جنہوں نے آنے والی نسلوں کا راستہ آسان کیا۔ آئی ایم ڈی بی کی یہ رپورٹ میرے یقین کو مزید مضبوط کرتی ہے کہ ایمانداری، سچائی اور استقامت کی اہمیت ہے۔‘‘

آئی ایم ڈی بی پر سب سے زیادہ مقبول فلموں کی فہرست میں دیپیکا دس فلموں کے ساتھ سر فہرست اداکارہ ہیں، اگرچہ مجموعی طور پر وہ چوتھے نمبر پر ہیں۔ اس فہرست میں شاہ رخ خان بیس فلموں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔