کراچی: (نیوزڈیسک)پاکستان کے آٹو سیکٹر نے جنوری 2026 میں نئی تاریخ رقم کر دی۔ جہاں گاڑیوں کی فروخت 43 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
پاکستان آٹو موٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (PAMA) کے مطابق شرح سود میں کمی، بینک فنانسنگ میں بہتری اور نئی ٹیکنالوجی کے تعارف نے گاڑیوں کی فروخت میں اضافے میں اہم کردار ادا کیا۔
اعدادوشمار کے مطابق جنوری 2026 میں گاڑیوں کی مجموعی فروخت 23 ہزار 55 یونٹس رہی۔ جو ماہانہ بنیاد پر 74 فیصد جبکہ سالانہ بنیاد پر 36 فیصد زیادہ ہے۔ اس کے مقابلے میں جنوری 2025 میں 17 ہزار 10 اور دسمبر 2025 میں 13 ہزار 280 یونٹس فروخت ہوئے تھے۔
رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ کے دوران مجموعی فروخت 43 فیصد اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 11 ہزار 377 یونٹس تک پہنچ گئی۔ جو صارفین کے اعتماد میں بہتری اور آٹو فنانسنگ تک آسان رسائی کی عکاسی کرتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کی فروخت بھی نمایاں رہی۔ جنوری میں اس شعبے کی فروخت سالانہ بنیاد پر 31 فیصد اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 81 ہزار 790 یونٹس تک پہنچ گئی۔
بھاری گاڑیوں کے شعبے میں بھی بہتری دیکھنے میں آئی۔ جہاں ٹرکوں اور بسوں کی فروخت سالانہ بنیاد پر 77 فیصد بڑھ کر ایک ہزار 101 یونٹس ہو گئی۔ تاہم ٹریکٹر کی فروخت میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ جو جنوری 2026 میں 2 ہزار 505 یونٹس رہی، جو گزشتہ ماہ اور گزشتہ سال کے مقابلے میں کم ہے۔
ماہرین کے مطابق معاشی استحکام اور مالیاتی پالیسی میں نرمی آٹو انڈسٹری کے لیے مثبت اشارہ ہے۔












بدھ 11 فروری 2026 