وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ’بزدلانہ حملہ‘ قرار دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ ’پاکستان 40 بحری جہازوں پر مشتمل صمود غزہ فلوٹیلا پر اسرائیلی افواج کے بزدلانہ حملے کی سخت مذمت کرتا ہے، جس پر 44 ممالک کے 450 سے زائد انسانی ہمدردی کے کارکن سوار تھے‘۔
Pakistan strongly condemns the dastardly attack by Israeli forces on the 40 vessel Samud Gaza flotilla, carrying over 450 humanitarian workers from 44 countries.
We hope and pray for the safety of all those who have been illegally apprehended by Israeli forces and call for their…— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) October 1, 2025
انہوں نے کہا کہ ’ہم ان تمام افراد کی سلامتی کے لیے دعاگو ہیں جنہیں اسرائیلی افواج نے غیر قانونی طور پر گرفتار کیا ہے اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں‘۔
وزیراعظم نے کہا کہ ’ان کا جرم صرف یہ تھا کہ وہ بے سہارا فلسطینی عوام کے لیے امداد لے کر جا رہے تھے‘، وزیراعظم نے مطالبہ کیا کہ اس ’بربریت‘ کا خاتمہ ہونا چاہیے۔
اپنے بیان کے آخر میں انہوں نے کہا کہ ’امن کو موقع دیا جانا چاہیے اور انسانی امداد ان ضرورت مندوں تک پہنچنی چاہیے‘۔