سلامتی کونسل غزہ میں جاری خونریزی روکنے میں پھر ناکام رہی: عاصم افتخار

Calender Icon جمعرات 2 اکتوبر 2025

جنیوا (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل غزہ میں جاری خونریزی روکنے میں ایک بار پھر ناکام رہی ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطین کے مسئلے پر ہونے والے ویٹو مباحثے میں مستقل مندوب عاصم افتخاراحمد کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام اپنی تقدیر کے خود مالک ہیں اور ان کی تقدیر آزادی ہے، فلسطینیوں کو اب ان کے حقِ خودارادیت سے محروم نہیں رکھا جا سکتا اور نہ ہی قیام امن کو اب مزید مؤخر کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان، فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی میں ہمیشہ ثابت قدم رہے گا۔

عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی عرب اور او آئی سی رہنماؤں کے ساتھ حالیہ مشاورت کا بھی خیرمقدم کیا، ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں جاری تباہی اور انسانی بحران پر عالمی برادری کی خاموشی افسوس ناک ہے، سلامتی کونسل غزہ میں خونریزی روکنے اور انسانی امداد کی قرارداد منظور کرنے میں ناکام رہی۔

پاکستانی مستقل مندوب نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا اور خصوصی طور پر اسرائیل کو جواب دہ ٹھہرانے اور تنازعہ فلسطین کے دو ریاستی حل پر زور دیا۔