آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے دوسرے میچ میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو 89 رنز سے شکست دے دی۔
بھارتی شہر اندور میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلوی ٹیم ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.3 اوورز میں 326 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔
ایشلے گارڈنر نے 83 گیندوں پر 115 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ فوبے لچفیلڈ 45 رنز بناکر دوسری نمایاں بلے باز رہیں۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے جیس کیر اور لی تاہوہو نے تین تین جبکہ ایمیلیا کیر اور بری ایلنگ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی کپتان صوفی ڈیوائن (111) کی سنچری بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔
نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 43.2 اوورز میں 237 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
آسٹریلیا کی جانب سے صوفی مولی نیکس اور اینا بیل سدرلینڈ نے تین تین جبکہ الانا کنگ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
ویمنز ورلڈکپ کے تیسرے میچ میں آج پاکستان اور بنگلادیش کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔