بھارتی ریاست اڑیسا کی مشہور گلوکارہ گیتا پٹنائک برین اسٹروک کے باعث 73 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اڑیا موسیقی کی صنعت کی ممتاز ترین آوازوں میں شمار ہونے والی گیتا پٹنائک گزشتہ ہفتے برین اسٹروک کے بعد ایک اسپتال میں زیرِ علاج تھیں، وہ گزشتہ روز دوران علاج انتقال کرگئیں۔
یاد رہے کہ ’اڑیا‘ بھارت کی ریاست اْوڑِشا میں بولی جانے والی ایک ہند آریائی زبان ہے۔
73 سالہ گلوکارہ کو جمعرات کے روز ایک تقریب کے دوران طبیعت خراب ہونے پر پہلے کٹک کے کیپیٹل اسپتال منتقل کیا گیا جہاں برین اسٹروک کی تصدیق ہوئی۔
بعد ازاں انہیں کٹک کے ایک نجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، ان کے بہنوئی پردوش پٹنائک کے مطابق اتوار کے روز علاج کے دوران ڈاکٹروں نے انہیں دماغی طور پر مردہ قرار دے دیا۔
ان کی میت پیر کے روز ان کے کٹک میں واقع گھر منتقل کی جائے گی جس کے بعد آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔
گیتا پٹنائک کا کیریئر
گیتا پٹنائک کا کیریئر 5 دہائیوں پر محیط رہا، انہوں نے اپنے کیریئر میں کئی فنکاروں اور موسیقاروں کے ساتھ کام کیا تاہم انہیں خاص طور پر لیجنڈری اڑیا گلوکار اکشے موہنتی کے ساتھ گائے گئے گانوں کی وجہ سے شہرت ملی۔
انہوں نے فلم ’ججبَر‘ کے مقبول گیت ’فُر کِنا اُڈیگالا بانی‘ سمیت متعدد مشہور اوڑیا گیتوں کو اپنی آواز دی۔












پیر 16 فروری 2026 