اسلام آباد (نیوز ڈیسک)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے باجوڑ میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ صدرِ مملکت نے حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ملک کے دفاع کے لیے قربانی دینے والے شہداء کی قربانیاں ہمارے قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بیرونی پشت پناہی سے کی جانے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ریاست کی اولین ترجیح ہے۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور دشمن کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان میں امن و استحکام کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔












منگل 17 فروری 2026 