نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں انٹرنیشنل ورکشاپ فار لیڈرشپ اینڈ اسٹیبیلٹی کے چھٹے ایڈیشن کا شاندار انعقاد

Calender Icon پیر 23 فروری 2026

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں انٹرنیشنل ورکشاپ فار لیڈرشپ اینڈ اسٹیبیلٹی کے چھٹے ایڈیشن کا شاندار انعقاد کیا گیا۔ یہ بین الاقوامی ورکشاپ انسٹی ٹیوٹ فار اسٹریٹجک اسٹڈیز ریسرچ اینڈ انیلسز کے زیر اہتمام منعقد ہوئی۔

ورکشاپ میں عالمی امن، خوشحالی اور تعاون کے فروغ کے لیے 50 ممالک سے تعلق رکھنے والے 100 سے زائد مندوبین نے شرکت کی۔ دنیا بھر کے دانشوروں، سفارت کاروں اور پالیسی سازوں نے خطے کو درپیش مسائل اور ان کے ممکنہ حل پر تفصیلی اور سیر حاصل گفتگو کی۔

بین الاقوامی ورکشاپ کا بنیادی مقصد جغرافیائی سیاسی چیلنجز، اقتصادی استحکام اور ٹیکنالوجی کے فروغ سے متعلق پالیسی سازی کو فروغ دینا تھا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ اس طرح کی ورکشاپس نہ صرف عالمی سطح پر مکالمے کو مضبوط کرتی ہیں بلکہ پاکستان کا مثبت تشخص بھی اجاگر کرتی ہیں۔

ورکشاپ میں شریک بین الاقوامی مندوبین نے کہا کہ یہ این ڈی یو کا ایک احسن اقدام ہے جو دنیا بھر کے رہنماؤں اور ماہرین کو مشترکہ مسائل کے حل پر بات چیت کا مؤثر موقع فراہم کرتا ہے۔ شرکاء نے بہترین انتظامات اور شاندار مہمان نوازی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل ورکشاپ فار لیڈرشپ اینڈ اسٹیبیلٹی جیسے اقدامات علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کی روشن مثال ہیں اور یہ عالمی سطح پر پاکستان کے مؤثر اور ذمہ دارانہ کردار کو نمایاں کرتے ہیں۔