راولپنڈی(نیوز رپورٹر)ایس او ایس چلڈرنز ویلج کے زیر اہتمام عطیات دینے والوں کے اعزاز میں پروقار افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا جس میں سیاسی و سماجی شخصیات، مخیر حضرات اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ افطار ڈنر کا مقصد ادارے کے معاونین کی حوصلہ افزائی اور بے سہارا بچوں کی کفالت کے مشن کو مزید مستحکم بنانا تھا۔تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جس کے بعد ایس او ایس کے بچوں نے تقاریر پیش کیں اور اپنی تعلیمی و ہم نصابی سرگرمیوں سے متعلق آگاہ کیا۔ منتظمین نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور ادارے کی کارکردگی پر بریفنگ دی۔
ایس او ایس چلڈرنز ولیج کی کوچئیرپرسن تبسم تنویر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈونرز کی مسلسل معاونت کے باعث ادارہ یتیم اور بے سہارا بچوں کو نہ صرف رہائش فراہم کر رہا ہے بلکہ انہیں معیاری تعلیم و تربیت سے آراستہ کر کے باعزت اور خودمختار زندگی کی طرف گامزن کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افطار ڈنر کا انعقاد انہی مخیر حضرات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے کیا گیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما چوہدری تنویر نے ادارے کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ ایس او ایس جیسے فلاحی ادارے معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کیلئے امید کی کرن ہیں۔ انہوں نے مخیر حضرات پر زور دیا کہ وہ اس نیک مقصد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے مستحق اور نادار بچوں کی بہترین تعلیم و تربیت پر ادارے کی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں قائم ایس او ایس ولیجز ہزاروں بچوں کی کفالت کے ساتھ انہیں معاشرے کا مفید شہری بنانے کیلئے سرگرم عمل ہیں۔ مستحق بچوں کی کفالت کیلئے عطیات آن لائن بینک اکاؤنٹ یا چیک کی صورت میں ایس او ایس چلڈرنز ولیج راولپنڈی کے نام جمع کروائے جا سکتے ہیں۔
ایس او ایس چلڈرنز ویلج مستحق بچوں کی کفالت جاری رکھے گا۔کو چیئرمین تبسم تنویر
ہفتہ 28 فروری 2026












