اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ مشتاق احمد خان سمیت تمام پاکستانیوں کی باحفاظت رہائی کیلیے ایک تیسرے یورپی ملک سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ غزہ جانب سے گلوبل صمود فلوٹیلا میں ہمارے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان بھی سوار تھے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ فارن آفس کی اطلاع کے مطابق 45 فلوٹیلا میں سے 22 کو اسرائیل نے پکڑ لیا ہے، اطلاع ہے کہ سابق سینیٹر مشتاق احمد خان بھی گرفتار ہونے والوں میں شامل ہیں، جب سے یہ خبر آئی ہے ہم نے یورپی ممالک کو انگیج کیا ہے۔
نائب وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے یورپی ممالک سے کہا ہے کہ ہمارے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کو فوری طور پر ریلیز کروائیں، پاکستان اپنی پوری کوشش کر رہا ہے یہ ہماری ذمہ داری ہے، یہ ہمارا ذاتی مسئلہ نہیں بلکہ اسلامی ذمہ داری ہے، ایک حدیث ہے کہ مسلم امہ ایک جسم کی مانند ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل سے تعلق رکھنے والے یورپ کے بڑے ملک سے ہم رابطے میں ہیں، انھوں نے ہمیں کہا ہے کہ اتوار تک ہم آپ کو واضح صورتحال سے آگاہ کریں گے، ہماری کوشش ہے تمام پاکستانیوں کو بحفاظت ایگزٹ کروائیں۔
گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں فلوٹیلا میں اسرائیل کے ہاتھوں گرفتار تمام پاکستانیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔
وزیر اعطم شہباز شریف نے بیان میں کہا تھا کہ فلوٹیلا میں پاکستانیوں کی باوقار شرکت کو سراہتا ہوں، مشتاق احمد خان، مظہر سعید، وہاج احمد، اسامہ ریاض، اسماعیل خان، عزیز نظامی، فہد اشتیاق و دیگر پاکستانیوں نے امدادی مشن میں حصہ لیا۔
شہباز شریف نے کہا تھا کہ یہ اقدام پاکستانیوں کی انصاف کیلیے جدوجہد اور مدد کے جذبے کی نمائندگی ہے، حکومت پاکستان انسانی جان کا احترام، محفوظ رسائی اور بلاتعطل امداد کے اصولوں کی حمایت کرتی ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ حکومت پاکستان اپنے شہریوں کی واپسی کا بھرپور مطالبہ کرتی ہے، پاکستانیوں کی سلامتی، وقار اور جلد وطن واپسی کیلیے دعاگو اور کوشاں ہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے غزہ کے فلسطینیوں کیلیے امداد لے جانے والے فلوٹیلا پر دھاوا بول کر کارکنوں کو گرفتار کیا۔ قافلے میں 44 ممالک کے شہری شریک ہیں جن میں پاکستانی بھی شامل ہیں۔