محمود اسلم نے اپنی محبت کی شادی کی دلچسپ کہانی سنا دی

Calender Icon جمعہ 6 مارچ 2026

پاکستان کے سینئر اداکار محمود اسلم نے اپنی محبت کی شادی سے متعلق دلچسپ تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک مزاحیہ جملے کی وجہ سے حقیقت میں سہگل خاندان کا داماد بن گیا۔

محمود اسلم حال ہی میں جیو ٹی وی کے مزاحیہ شو ہنسنا منع ہے میں میزبان تابش ہاشمی کے ساتھ گفتگو کر رہے تھے، جہاں انہوں نے اپنی محبت کی شادی کا قصہ سنایا۔

اہوں نے کہا کہ میں اس وقت اوپن ایئر تھیٹر میں اداکاری کرتا تھا اور جوانی میں ہیرو کا کردار ادا کر رہا تھا، ایک موقع پر معروف کامیڈین امان اللّٰہ نے مذاق میں مجھ سے کہا کہ اتنا غرور کیوں ہے جیسے تم سہگل خاندان کے داماد ہو اور بعد میں حقیقی زندگی میں ایسا ہی ہو گیا۔

محمود اسلم نے بتایا کہ گریجویشن کے بعد میں فارغ تھا اور ایک دوست نے مجھے نوکری دلانے کا وعدہ کیا، اسی دوران میری ملاقات سیاستدان زاہد حامد سے ہوئی جنہوں نے مجھے سیلز مین کی ملازمت کرنے سے روکا اور ایک نئے آئس کریم پارلر میں بطور مینیجر ملازمت دے دی۔

اداکار نے بتایا کہ میری اہلیہ جنہیں میں نہیں جانتا تھا اکثر اس آئس کریم پارلر آیا کرتی تھیں اور مذاق میں کہتی تھیں کہ وہ آئس کریم کے لیے نہیں بلکہ مینیجر کو دیکھنے آتی ہیں، ان کے ساتھ آنے والی ان کی سہیلیاں بھی مجھے دیکھنے کے لیے آتی تھیں کیونکہ اس وقت میرا ایک ڈرامہ کافی مقبول ہو چکا تھا۔

محمود اسلم نے ہنستے ہوئے کہا کہ میری اہلیہ اپنی دوستوں کو مجھے فون کر کے اظہارِ پسندیدگی کرنے کو کہتی تھیں، مگر وہ ہمت نہ کر پاتیں، آخرکار میری اہلیہ خود مجھ سے ملنے آئیں اور اسی ملاقات کے بعد ہم دونوں کے درمیان محبت بڑھ گئی۔

اداکار کے مطابق اس ملاقات کے بعد میں نے اپنی محبوبہ کو جانے نہیں دیا اور یوں ہماری محبت شادی میں بدل گئی۔