خطےمیں بربریت، صہیونی قوتوں نے سب تہس نہس کردیا،سلمان اکرم

Calender Icon پیر 9 مارچ 2026

اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ خطے پر بربریت مسلط کردی گئی ہے، وقت آگیا پاکستان اپنا کردار ادا کرے۔

خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران سلمان اکرم راجا نے کہا کہ اس وقت مڈل ایسٹ کو غیرمعمولی صورتحال کا سامنا ہے۔ خطے پر بربریت مسلط کر دی گئی ہے، مذاکرات کسی نتیجے پر پہنچنے والے تھے مگر صہیونی قوتوں نے سب تہس نہس کردیا۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ املاک کا نقصان نہ عرب ممالک میں ہونا چاہیے نہ دیگر ملکوں میں، وقت آگیا ہے کہ پاکستان اپنا کردار ادا کرے۔

اُن کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں اداروں اور عوام کو ایک دوسرے کے سامنے کھڑا کیا جارہا ہے، ملک میں جھوٹ کے ذریعے انتشار برپا کیا گیا۔

سلمان اکرم راجا نے یہ بھی کہا کہ عوام پر ایک جعلی جھوٹی حکومت مسلط کر دی گئی، ہوش کے ناخن لئے جائیں، ماضی میں جو غلطی کی گئی وہ نہ دہرائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایک دن قبل لوگوں کو ان کی غیر موجودگی میں سزائیں سنائی گئیں، مجموعی طور پر سنائی جانے والی سزائیں 50، 50 سال تک پہنچ گئیں۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ اب سب کو اکٹھے بیٹھ کر مسائل کا حل نکالنا ہے، سب کو مذاکرات کی میز پر بیٹھنا ہو گا۔

اُنہوں نے کہا کہ پٹرول میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ عندیہ ہے کہ ہمارے ساتھ آگے کیا ہونے والا ہے، خطے میں کسی اور ملک میں اتنی قیمت نہیں بڑھی۔