مذاکرات کامیاب،قیمتی جانوں کے ضیاع پر وادی میں 3 دن سوگ ، منگل کو یوم تشکر منانے کا فیصلہ

Calender Icon ہفتہ 4 اکتوبر 2025

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے قائم کردہ حکومتی کمیٹی نے آزاد کشمیر میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ساتھ کامیاب مذاکرات مکمل کر لئے ہیں۔ اس معاہدے سے خطے میں امن و امان کی بحالی اور عوامی مسائل کے حل کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ حکومتی کمیٹی کے ارکان نے اس کامیابی پر آزاد کشمیر کے عوام کو مبارکباد دی ہے اور اسے پاکستان اور آزاد کشمیر دونوں کے مفاد میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کاکہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔کشمیری ہمارے بھائی ہیں، ان کا مفاد ہمیں عزیز ہے۔آزاد کشمیر کے عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔وفاقی حکومت کے بروقت اقدامات کی بدولت مذاکرات کامیاب ہوئے ہیں۔وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ آزاد کشمیر میں معمولات زندگی بحال ہو چکے ہیں۔جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں۔مذاکرات میں پاکستان اور آزاد کشمیر کے مفادات کو مدنظر رکھا گیا۔اس معاہدے سے پاکستان اور آزاد کشمیر دونوں کی جیت ہوئی ہے۔معاہدے کی کامیابی پر آزاد کشمیر کے عوام مبارکباد کے مستحق ہیں۔وفاقی وزیر امور کشمیر  امیر مقام کی صدارت میں اعلیٰ سطح کمیٹی قائم کی گئی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بھارت کی کشمیر میں خونریزی کی خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی۔آزاد کشمیر میں مذاکرات کی کامیابی پر وزیراعظم شہباز شریف کے مشکور ہیں۔معاملات خوش اسلوبی سے طے پا گئے ہیں۔مقبوضہ کشمیر کے عوام سے بہن بھائی کا رشتہ ہمیشہ قائم رہے گا۔پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔مذاکرات کی کامیابی سے بھارت کے مذموم عزائم خاک میں مل گئے ہیں۔معاہدے کے نتیجے میں ہر 15 دن بعد میٹنگ ہو گی۔سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔آزاد کشمیر کے عوام پاکستان سے محبت کرتے ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر کے معاملے پر فوری کمیٹی تشکیل دی۔انہوں نے کہا کہ نفرت سے نہیں، محبت سے مسائل حل ہوتے ہیں۔وفاقی وزیر برائے کابینہ امور طارق فضل چوہدری نے کہا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مطالبات عوامی تھے۔مطالبات کے حل کے لئے فنڈز کی ضرورت تھی۔وزیراعظم نے کہا کہ مسائل کے حل کے لئے جتنے فنڈز درکار ہوں گے، وفاق فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ معاہدے کے نتیجے میں آزاد کشمیر میں امن بحال ہوا ہے۔مظاہروں کے دوران جانی نقصان پر اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر کے معاملے کا فوری نوٹس لیا اور حکومتی کمیٹی نے آزاد کشمیر جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے کامیاب مذاکرات کئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیر کی آزادی کی جدوجہد جاری رکھے گا۔آخر میں حکومتی کمیٹی کے ارکان نے کہا کہ اس معاہدے سے نہ صرف آزاد کشمیر میں امن بحال ہوا ہے بلکہ پاکستان اور آزاد کشمیر کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔ وفاقی حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

عوامی ایکشن کمیٹی نے کامیاب مذاکرات کے بعد  6 روزہ شٹرڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال ختم کرنے کا اعلان  کر دیا ۔ آزا دکشمیر میں ہڑتال ختم، موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بحال، دکانیں کھلنا اور گاڑیاں چلنا شروع ہو گئیں۔پولیس اور کارکنوں کی جان کے ضیاع پر وادی میں 3 دن سوگ رہے گا، منگل کو یوم تشکر منانے کا فیصلہ۔