پاک فوج کا بھارتی اشتعال انگیز بیانات پر سخت ردعمل

Calender Icon ہفتہ 4 اکتوبر 2025

راولپنڈی:ترجمان پاک  فوج (آئی ایس پی آر) نے بھارتی سیکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کی اعلیٰ سطح سے آنے والے اشتعال انگیز اور جنگجویانہ بیانات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  غیر ذمہ دارانہ بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت ایک بار پھر من گھڑت بہانوں کے ذریعے جارحیت کی کوشش کا سوچ  رہا ہے، جس کے نتیجے میں جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔

دنیا میں بھارت مظلوم بننے کا ڈرامہ رچا کر اور پاکستان کو منفی رنگ میں پیش کرتے ہوئے فائدہ اٹھاتا رہا ہے، جبکہ وہ خود تشدد کو ہوا دینے اور دہشت گردی کو فروغ دینے میں ملوث رہا ہے۔ یہ بیانیہ اب مکمل طور پر بے نقاب ہو چکا ہے اور اب دنیا بھارت کو سرحد پار دہشت گردی کا اصل چہرہ اور خطے میں بدامنی کا مرکز تسلیم کرتی ہے۔

رواں سال کے شروع میں بھارت کی پاکستان کے خلاف جارحیت نے دو ایٹمی طاقتوں کو بڑے پیمانے پر جنگ کے دہانے پر لا کھڑا کیا تھا۔ تاہم، بھارت بظاہر اپنے لڑاکا طیاروں کی تباہی اور پاکستان کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیاروں کو بھول چکا ہے۔ اجتماعی بھولنے کی بیماری میں مبتلا بھارت اب اگلے تصادم کے لیے بے چین دکھائی دیتا ہے۔

بھارتی وزیردفاع، آرمی چیف اور ایئر چیف کے انتہائی اشتعال انگیز بیانات کے پیش نظر، ہم خبردار کرتے ہیں کہ مستقبل میں کوئی ایڈونچر کیا گیا تو اس کے تباہ کن نتائج برآمد ہوں گے ۔ اگر جارحیت کا نیا دور شروع کیا گیا تو پاکستان کسی قسم کی ہچکچاہٹ یا تحمل کے بغیر سخت اور فیصلہ کن جواب دے گا۔

غیر ضروری دھمکیوں اور  جارحیت کے مقابلے میں مسلح افواج دشمن کے علاقے کے ہر کونے تک لڑنے کی صلاحیت اور عزم رکھتی ہیں۔ اس بار ہم بھارتی سرزمین کے دور دراز علاقوں تک حملہ کریں گے۔

رہا سوال پاکستان کو نقشے سے مٹانے کی بات کا، تو بھارت کو معلوم ہونا چاہیے کہ اگر ایسی صورتحال پیدا ہوئی تو تباہی دو طرفہ ہوگی۔