رافیل نڈال کو اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری دے دی گئی

Calender Icon اتوار 5 اکتوبر 2025

عالمی شہرت یافتہ ہسپانوی ٹینس اسٹار رافیل نڈال کو اسپین کی قدیم ترین درسگاہ یونیورسٹی آف سلامانکا (USAL) کی جانب سے اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری دے دی گئی۔

یہ اعزاز ان کو ایک خصوصی تقریب میں دیا گیا، یونیورسٹی آف سلامانکا دنیا کی چوتھی قدیم ترین یونیورسٹی ہے، اس سے قبل کسی بھی کھلاڑی کو یہ اعزازی سند نہیں دی گئی تھی۔

تقریب کے دوران رافیل نڈال نے روایتی نیلا گاؤن اور ٹوپی پہن کر حلف لیا، جس کے بعد انہیں باضابطہ طور پر ڈاکٹر آنوریس کاؤزا کا تمغہ عطا کیا گیا۔


22 مرتبہ کے گرینڈ سلم چیمپئن نڈال نے اپنے انسٹاگرام پیغام میں اس موقع پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ فخر، شکر گزاری اور خوشی، میرے لیے یہ ایک عظیم اعزاز ہے کہ میں اس تاریخی یونیورسٹی کا پہلا کھلاڑی ہوں جس نے اسپین کی ثقافت پر گہرا اثر چھوڑا ہے۔

نڈال نے اپنی تقریر میں کہا کہ کھیل انسان کی شخصیت نکھارنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے کیونکہ یہ حریف کا احترام، دیانت دارانہ مقابلہ اور دوسروں کی محنت کو سراہنے کا درس دیتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک ایسی دنیا میں جو تقسیم اور انتشار کی طرف بڑھ رہی ہے، میرا یقین ہے کہ کھیل انسانوں کے درمیان تعلق، ہم آہنگی اور باہمی احترام کا پل بن سکتا ہے، سلامانکا اور یونیورسٹی آف سلامانکا کے تمام لوگوں کا شکریہ، یہ دن ہمیشہ میری یادوں میں زندہ رہے گا۔

رافیل نڈال کے اس تاریخی اعزاز کے موقع پر ان کی اہلیہ میری پیریلو، والدین سیباسٹیان اور آنا ماریا اور بہن ماریبل بھی تقریب میں موجود تھیں۔