خود کو کسی نامور اداکار کے متبادل کے طور پر نہیں دیکھتا،عرفان خان سے موازنے پرنوازالدین صدیقی بول پڑے

Calender Icon اتوار 15 مارچ 2026

ممبئی (نیوز ڈیسک) معروف بھارتی اداکار نوازالدین صدیقی نے کہا ہے کہ وہ خود کو کسی بھی مرحوم یا نامور اداکار کے متبادل کے طور پر نہیں دیکھتے بلکہ ان کی اپنی ایک الگ اور ذاتی جدوجہد پر مبنی سفر ہے۔

نوازالدین صدیقی نے ایک تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ قسمت پر یقین نہیں رکھتے اور ان کے نزدیک کامیابی کا اصل راز محنت، لگن اور مستقل مزاجی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں ہر کامیابی مرحلہ وار حاصل کی اور کسی چیز کو اتفاق یا قسمت کا نتیجہ نہیں سمجھتے۔

اداکار نے کہا کہ آج کے دور میں اپنے ماضی کے قصے شیئر کرتے ہوئے احتیاط ضروری ہے کیونکہ آن لائن تنقید اور ٹرولنگ میں اضافہ ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق تربیت اور مسلسل مشق بہت اہم ہیں اور ورکشاپس اور عملی سیکھنے کا عمل کامیابی کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔

نوازالدین صدیقی نے کہا کہ اگر کوئی کامیابی دس مرتبہ نہ ملے تو گیارہویں بار مل سکتی ہے، اس لیے ہمت نہیں ہارنی چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کے کیریئر میں کوئی اچانک معجزہ نہیں ہوا بلکہ انہوں نے ایک فلم کے بعد دوسری اور پھر تیسری فلم حاصل کی اور اسی تسلسل سے آگے بڑھتے گئے۔

اداکار نے معروف فنکار عرفان خان سے اپنے تقابل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی خالی جگہ کو پُر کرنے کے لیے انڈسٹری میں نہیں آئے۔ انہوں نے کہا کہ ہر فنکار کا اپنا راستہ ہوتا ہے اور وہ اپنی کمزوریوں پر کام کرنا چاہتے ہیں۔

نوازالدین صدیقی کے مطابق انہیں اپنی صلاحیتوں اور کمزوریوں کا ادراک ہے اور وہ اپنے کرداروں کے ذریعے خود کو بہتر بنانے پر توجہ دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی کے لیے خود پر توجہ دینا ضروری ہے اور دوسروں سے موازنہ کرنے کے بجائے اپنی محنت کو ترجیح دینی چاہیے۔