اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت عالمی سطح پر جاری کشیدگی کے تناظر میں ملکی معیشت کے استحکام اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں موجودہ معاشی صورتحال، پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی، قیمتوں کی نگرانی اور عوامی ریلیف کے مزید امکانات پر غور کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت عالمی حالات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور عوام کو کسی بھی ممکنہ دباؤ سے محفوظ رکھنے کے لیے بروقت فیصلے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ذمہ دارانہ پالیسیوں کے نتیجے میں اس وقت ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی مناسب مقدار موجود ہے اور تیل کی فراہمی کا نظام تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ معاشی استحکام کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی نے اہم فیصلے کیے جن کی بدولت ایندھن کی سپلائی متاثر نہیں ہوئی۔ وزیراعظم کے مطابق قومی سطح پر کفایت شعاری اور مالی نظم و ضبط کے اقدامات نافذ کیے جا چکے ہیں اور سرکاری اخراجات میں بہتری کے لیے مزید اصلاحات پر کام جاری ہے۔
اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ کفایت شعاری کے اقدامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے تھرڈ پارٹی آڈٹ کا نظام متعارف کرایا گیا ہے تاکہ شفافیت اور احتساب کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے مقررہ اہداف کے مطابق اقدامات کی نگرانی کریں۔
وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی تقسیم کار کمپنیوں کو واضح ہدایت دی کہ حکومت کے طے کردہ نرخوں پر فروخت ہر صورت یقینی بنائی جائے اور کسی بھی قسم کی ذخیرہ اندوزی یا اضافی قیمت وصول کرنے کی شکایات پر فوری کارروائی کی جائے۔
اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے حکام نے بتایا کہ ملک میں موجود تیل کے ذخائر، درآمدی ضروریات اور عالمی منڈی کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ طلب پوری کی جا سکے۔ بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے سرکاری موبائل پلیٹ فارم پاک ایپ میں نیا فیچر شامل کیا گیا ہے، جس کے ذریعے عوام تیل کی عدم دستیابی یا مہنگے داموں فروخت کی شکایات براہ راست متعلقہ حکام تک پہنچا سکتے ہیں۔ ان شکایات پر فوری کارروائی کی جائے گی۔
اجلاس کے شرکاء نے گزشتہ جمعہ کو وزیراعظم کے اس فیصلے کو سراہا جس کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ نہیں کیا گیا۔ شرکاء نے اس اقدام کو عوام دوست اور بروقت قرار دیا۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
حکومتی حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ معاشی استحکام، شفافیت اور عوامی ریلیف کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رہیں گے اور کسی بھی عالمی دباؤ کے باوجود ملکی مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔












پیر 16 مارچ 2026 