غزہ میں اسرائیلی جارحیت مسلسل جاری ہے، حماس کی جانب سے جنگ بندی کے جواب کے باوجود صیہونی فوج نے غزہ سٹی پر خوفناک حملے کیے جن میں مزید 72 فلسطینی شہید ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے پناہ گزین کیمپوں اور رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا۔ حیران کن طور پر صیہونی فوج نے اب نیا طریقۂ جنگ اپنایا ہے — دھماکا خیز مواد سے بھری ریموٹ کنٹرول گاڑیاں جنہیں غزہ کی بستیوں میں بھیج کر عمارتیں تباہ کی جا رہی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے علاقے کے رہائشیوں کو غزہ چھوڑنے کا آخری موقع دیا تھا، مگر اب بھی لاکھوں فلسطینی محصور ہیں۔
الجزیرہ کے مطابق الحلو انٹرنیشنل اسپتال میں ایک نومولود بچہ اسرائیلی حملوں کے باعث جاں بحق ہوگیا۔ اسپتال میں صورتحال سنگین ہے، عملہ بچوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہا ہے۔ تین قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کو پہلے ہی نکال لیا گیا ہے جب کہ مزید 10 نوزائیدہ بچوں کو فوری نکالنے کی ضرورت ہے۔