ویمنز ورلڈکپ: پاکستان کی دعوت پر بھارت کی بیٹنگ جاری

Calender Icon اتوار 5 اکتوبر 2025

سری لنکا کے درالحکومت کولمبو میں کھیلے جانے والے ویمنز کرکٹ ورلڈکپ کے ہائی وولٹیج میچ میں پاکستان کی دعوت پر بھارت کی بیٹنگ جاری ہے۔۔

کولمبو میں کھیلے جانے والے ویمنز کرکٹ ورلڈکپ کے اہم میچ میں ہرمن پریت کور نے ٹاس کے لیے سکہ اچھالا، فاطمہ ثنا نے ہیڈز کال کیاجو درست ثابت ہوا، یوں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

دونوں کپتانوں کے درمیان کوئی مصافحہ نہیں ہوا، فاطمہ ثنا نے کہا کہ موسم سازگار ہے اور پچ پر معمولی نمی موجود ہے، ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، عمیمہ سہیل کی جگہ صدف شمس کو شامل کیا گیا ہے۔

فاطمہ ثنا نے کہا کہ وہ آج اپنی منصوبہ بندی کو بہتر انداز میں عملی جامہ پہنانا چاہتی ہیں اور 250 سے کم کا ہدف حاصل کرنے کے لیے قابلِ تعاقب ہوگا۔

بھارتی کپتان ہرمن پریت کور کا کہنا تھا کہ جب وہ آخری بار یہاں آئی تھیں تو وہ ایک اچھی ٹرائی سیریز تھی، اور اب مقصد مثبت رہنا اور معیاری کرکٹ کھیلنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹیم میں باامر مجبوری ایک تبدیلی کی گئی ہے کیونکہ امانجوت کی طبیعت ناساز ہے، ان کی جگہ رینوکا کو شامل کیا گیا ہے، ہرمن پریت نے کہا کہ یہ ٹیم بہت اچھی ہے اور کھلاڑیوں کے درمیان بہترین ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کو ایونٹ کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں 5 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ بھارت آج اپنا پہلا میچ کھیل رہا ہے۔

پاکستان الیون:
ہائی وولٹیج میچ میں منیبہ علی، صدف شمس، صدرا امین، عالیہ ریاض، نتالیہ پرویز، فاطمہ ثنا (کپتان)، رامین شمیم، ڈیانا بیگ، صدرا نواز (وکٹ کیپر)، نشرا سندھو اور سعدیہ اقبال پاکستان کی نمائندگی کررہی ہیں۔

بھارت الیون:
بھارتی ٹیم سمرتی مندھانا، پراتیکا راول، ہرلین دیول، ہرمن پریت کور (کپتان)، جمیما روڈریگز، دیپتی شرما، رچا گھوش (وکٹ کیپر)، سنہ رانا، کرانتی گود، شری چرنی اور رینوکا سنگھ پر مشتمل ہے۔