لاہور(نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے عید پر زائد کرایہ وصول کرنے پر کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے عید پر زائد کرائے وصول کرنے پر سخت قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے تمام اضلاع میں مقررہ کرایوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے ضروری اقدامات کا حکم دیا۔
انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو زائد کرایوں کی وصولی اور ٹکٹ بلیک روکنے کے لئے کڑی مانیٹرنگ کا حکم دیا اور تمام بس سٹینڈز پر کرایہ نامے نمایاں آویزاں کرنے کی ہدایت کر دی۔
مریم نواز شریف نے روزہ دار مسافروں کے افطار کا اہتمام اور تمام بس سٹینڈز پر صفائی ستھرائی کا حکم بھی دیا جبکہ بس سٹینڈز کی انتظار گاہوں پر بیٹھنے کے مناسب انتظام اور پنکھے کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔
انہوں نے عوام کو ریلیف دینے کے لئے محکمہ ٹرانسپورٹ اور دیگر متعلقہ حکام کو فیلڈ میں مسلسل چیکنگ ڈیوٹی کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عید کے موقع پر گھر کو لوٹنے والے غریب مسافروں کے استحصال کی اجازت نہیں دی جائے گی، ہر بس سٹینڈز پر کرائے نامے نمایاں آویزاں کر کے عملدرآمد یقینی بنایا جائے، مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے۔












بدھ 18 مارچ 2026 