چیئرمین سینیٹ سیدیوسف رضاگیلانی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ارکان کے قائمہ کمیٹیوں سے استعفوں کی منظوری سے متعلق کارروائی فی الحال روک دی ۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، حکومت کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ اس معاملے پر فوری طور پر کوئی قدم نہ اٹھایا جائے۔ اس کے بعد چیئرمین سینیٹ نے فیصلہ کیا ہے کہ پی ٹی آئی ارکان کے استعفے ابھی منظور نہیں کیے جائیں گے۔
اسمبلی و سینیٹ میں یکساں پالیسی اپنانے کا فیصلہ
ذرائع کے مطابق، قومی اسمبلی اور سینیٹ دونوں ایوانوں میں قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی ارکان کے معاملے پر مشترکہ اور یکساں پالیسی اپنانے کا اصول طے کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے چیئرمین سینیٹ نے عندیہ دیا ہے کہ وہ اسپیکر قومی اسمبلی کے فیصلے کا انتظار کریں گے تاکہ دونوں ایوانوں میں ہم آہنگی برقرار رہے۔
قائد ایوان سے مشاورت کی جائے گی
چیئرمین سینیٹ کا یہ بھی مؤقف ہے کہ استعفوں کے معاملے پر حتمی کارروائی سے قبل قائدِ ایوان سے مشاورت کی جائے گی تاکہ سیاسی اور پارلیمانی سطح پر اتفاقِ رائے ممکن ہو سکے۔