پاکستان کے 86ویں یومِ پاکستان کے موقع پر وفاقی اور صوبائی دارلحکومتوں میں توپوں کی سلامی

Calender Icon پیر 23 مارچ 2026

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان کے 86ویں یومِ پاکستان کے موقع پر وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی دی گئی، جس کے ساتھ ہی قومی دن کا آغاز وطن سے تجدیدِ عہد اور ملی یکجہتی کے ولولے کے ساتھ ہوا۔

یومِ پاکستان کے موقع پر دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا جبکہ فضا “پاکستان زندہ باد” کے نعروں سے گونج اٹھی اور حب الوطنی کا جذبہ عروج پر رہا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ تمام صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی، جو قومی وقار، خودمختاری اور افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی علامت ہے۔

ملک کے طول و عرض میں یہ مناظر قومی اتحاد اور یکجہتی کا عملی مظہر بن گئے، جہاں شہریوں نے بھی بھرپور جوش و خروش کے ساتھ یومِ پاکستان منایا۔

اس موقع پر مساجد میں نمازِ فجر کے بعد ملکی ترقی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔

یومِ پاکستان کے موقع پر پوری قوم متحد نظر آئی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام جاری رکھا جائے گا۔