وزیر مملکت حذیفہ رحمان نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 15 سے 18 اراکین قومی اسمبلی ہمارے ساتھ ہیں۔
وزیر مملکت حذیفہ رحمان نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نمبر گیم ہمارے لیے مسئلہ نہیں ہے۔ پی ٹی آئی کے کئی افراد ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں۔ پیپلز پارٹی کے بغیر ہمارے پاس 163 ووٹ ہیں اور اہمیں 169 ووٹ چاہیئیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں پیپلز پارٹی کی ضرورت ہے کیونکہ ہم نے کمٹمنٹ کی ہے کہ ہم نے ساتھ مل کر چلنا ہے۔ لیکن اگر کوئی عدم اعتماد لانا چاہتا ہے تو یہ اس کا آئینی حق ہے۔
حذیفہ رحمان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگ پہلے اپنے ان لوگوں کو تو روک لیں جو خاموشی سے ہمارے ساتھ چلنے کو تیار ہیں۔ پیپلز پارٹی سے ہمارا اختلاف صرف رائے کا ہے وہ ہمارے اوپر الزام لگا رہے ہیں تو ہمیں ان کا جواب تو دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر آج ہم مضبوط ہو گئے ہیں۔ معیشت مضبوط ہو رہی ہے اور بہترین فارن پالیسی کی وجہ سے ن لیگ اوپر چلی گئی تو اس کا ہرگز مطلب یہ نہیں کہ ہم پیپلز پارٹی کو اپنے سے دور کرنا چاہیں گے۔
پی ٹی آئی کے 15 سے 18 اراکین قومی اسمبلی ہمارے ساتھ ہیں، حذیفہ رحمان کا دعویٰ

