پاسپورٹ بنوانے والوں کے لئے بڑی خوشخبری

Calender Icon منگل 7 اکتوبر 2025

اسلام آباد: پاسپورٹ بنوانے والے شہریوں نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا صرف5 منٹ میں باری آجاتی ہے اور پاسپورٹ بنوانے کا پراسس بھی فوری مکمل ہوتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ایگزیکٹو پاسپورٹ آفس ڈیفنس کا اچانک دورہ کیا اور پاسپورٹ بنوانے کے لیے آئے شہریوں سے ملاقات کی۔

وزیرِ داخلہ نے شہریوں سے پاسپورٹ بنوانے کے عمل، سہولتوں اور وقت پر ڈلیوری کے بارے میں استفسار کیا۔

شہریوں نے پاسپورٹ بنوانے کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیرِ داخلہ کو بتایا کہ اب صرف پانچ منٹ میں باری آجاتی ہے اور پاسپورٹ بنوانے کا پورا عمل فوری طور پر مکمل ہو جاتا ہے۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ پہلے لمبی قطاروں میں کئی گھنٹے انتظار کرنا پڑتا تھا، اکثر سسٹم ڈاؤن ہو جاتا تھا، لیکن اب انتظامات قابلِ تعریف ہیں۔

شہریوں نے مزید بتایا کہ عملہ مکمل رہنمائی کرتا ہے اور پاسپورٹ اب مقررہ مدت کے اندر فراہم کر دیا جاتا ہے۔ جبکہ پاسپورٹ اب مقررہ مدت کے اندرڈلیور بھی ہو جاتا ہے۔

محسن نقوی نے بہترین انتظامات وشہریوں کے اظہار اطمینان پرانچارج آفس اورعملے کی کارکردگی کو سراہا اور کہا “پاسپورٹ آفس آکر دلی خوشی ہوئی، شہریوں کا اطمینان ہی ہماری اصل کامیابی ہے۔”

پاسپورٹ واحد دستاویز ہے جو پاکستان کے بیرون ملک مقیم شہری کی شناخت کی تصدیق کرتی ہے، ساتھ ہی ملک سے باہر نکلنے اور ملک میں داخل ہونے کے اس کے حق کا احساس کرتی ہے۔

پاسپورٹ کے لیے درکار دستاویزات
پہلی بار پاسپورٹ کے حصول کے لیے درخواست دہندہ مطلوبہ دستاویزات کے ساتھ متعلقہ پاسپورٹ آفس یا فارن مشن جا سکتا ہے۔ پہلی بار پاسپورٹ حاصل کرنے کے لیے درج ذیل دستاویزات درکار ہیں۔

اوریجنل بینک ادا شدہ فیس چالان (رسید) یا ای-ادائیگی کی تصدیق کی تفصیل (پی ایس آئی ڈی نمبر کے ساتھ رسید، ایس ایم ایس، ای میل) کے ذریعے تجویز کردہ پاسپورٹ فیس کی ادائیگی کا ثبوت درکار ہے۔

اصل درست شناختی کارڈ یا نائیکوپ فوٹو کاپی کے ساتھ ہونا چاہیے۔

سرکاری، نیم سرکاری یا خود مختار ادارے کے ملازمین کی صورت میں متعلقہ محکمے سے این او سی (نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ) لازمی درکار ہے۔

غیر ملکی پاسپورٹ اس کی فوٹو کاپی کے ساتھ، (صرف دوہری شہریوں کے لیے) ہوگا۔

اکتوبر 2025 کے لیے پاسپورٹ فیس
تازہ ترین شیڈول کے تحت، 36 صفحات پر مشتمل پاسپورٹ کی فیس عام زمرے کے تحت پانچ سال کے لیے 4,500 روپے اور دس سال کے لیے 6,700 روپے ہے جبکہ ارجنٹ پر بالترتیب 7500 اور 11200 روپے ہے۔

72 صفحات پر مشتمل پاسپورٹ کی عام فیس پانچ سال کے لیے 8200 روپے اور دس سال کے لیے 12400 روپے مقرر کی گئی ہے جس کی ارجنٹ فیس 13500 اور 20,200 روپے مقرر کی گئی ہے۔

اسی طرح 100 صفحات پر مشتمل پاسپورٹ کی قیمت پانچ سال کے لیے 9000 روپے اور عام کیٹیگری کے تحت دس سال کے لیے 13500 روپے ہوگی، جبکہ ارجنٹ اجراء پر بالترتیب 18000 اور 27000 روپے وصول کیے جائیں گے۔