سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان معاشی استحکام اور حکومتی پالیسیوں کی کامیابی کو ظاہر کرتا ہے ،احسن اقبال

Calender Icon منگل 7 اکتوبر 2025

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان سٹاک مارکیٹ ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے، جو عالمی سرمایہ کاروں کے پاکستانی معیشت پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان معاشی استحکام اور حکومتی پالیسیوں کی کامیابی کو ظاہر کرتا ہے۔

احسن اقبال نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حال ہی میں ملائیشیا کا تاریخی دورہ کیا، جس سے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اس سلسلے میں چین کی مہارت سے استفادہ کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے دوسرے مرحلے پر کام کا آغاز ہو چکا ہے، جو ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی توجہ گورننس اور اصلاحات پر مرکوز ہے، جبکہ “اڑان پاکستان پروگرام” ملک کی پائیدار ترقی کے لیے ایک کلیدی منصوبہ ہے۔

احسن اقبال نے زور دیا کہ پاکستان کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے حکومت پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا فروغ وقت کی ضرورت ہے اور اس مقصد کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی پالیسی تشکیل دی گئی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ معاشی بہتری کو یقینی بنایا جا سکے۔ احسن اقبال نے اپنے خطاب میں پرامید لہجے میں کہا کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور آنے والے دنوں میں مزید مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔