سندھ پنجاب کشیدگی؛ وزیراعظم نے پارٹی کے سینیئر رہنماؤں کو طلب کرلیا

Calender Icon بدھ 8 اکتوبر 2025

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)صوبہ سندھ اور پنجاب کے درمیان سیاسی کشیدگی ختم کرنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے پارٹی کے سینیئر رہنماؤں کو طلب کر لیا۔

وزیراعظم اور پارٹی کے سینیئر رہنماؤں کے درمیان پنجاب اور سندھ کی سیاسی کشدگی پر بات چیت ہوگی۔

اس کے ساتھ، وزیراعظم کو قومی اسمبلی اجلاس کے دوران ہونے والے پیپلز پارٹی کے واک آوٹ سے متعلق بھی آگاہ کیا جائے گا۔

مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما پیپلز پارٹی کے تحفظات سے آگاہ کریں گے۔

گزشتہ روز، صدر مملکت آصف علی زرداری سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی جس میں دونوں صوبوں کے درمیان جاری تناؤ پر گفتگو کی گئی۔

صدر مملکت نے وفاقی وزیر داخلہ کو موجودہ صورتحال میں اپنا کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔

واضح رہے کہ پنجاب اور سندھ میں سیلاب متاثرین کی امداد کے حوالے سے اختلافات شروع ہوئے، جس پر دونوں صوبائی حکومتوں کی جانب سے ایک دوسرے پر تنقید کی جا رہی ہے۔

سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت کا مطالبہ ہے کہ سیلاب متاثرین کی مدد بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے کی جائے تاہم پنجاب میں مسلم لیگ ن کی حکومت نے بی آئی ایس پی کے ذریعے امداد سے انکار کیا ہے۔

معاملے پر تاحال دونوں صوبائی حکومتوں کے وزراء کی جانب سے مسلسل پریس کانفرنس کی جا رہی ہیں۔