اسلام آباد(نیوزڈیسک) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور برطانیہ کے وزیرِ اعظم کیئر اسٹارمر کے درمیان ایک اہم ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں خطے کی صورتحال، امن کوششوں اور دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
برطانوی وزیرِ اعظم کیئر اسٹارمر نے اس موقع پر امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کی سفارتی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے امن مذاکرات کی میزبانی پر محمد شہباز شریف کو مبارکباد دی اور اس عمل کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
جواب میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے مخلصانہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے یورپی اور عالمی رہنماؤں کی جانب سے جاری مشترکہ بیان کا خیرمقدم کیا، جس میں پاکستان کی سفارتی کاوشوں کی حمایت کی گئی۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ حالیہ جنگ بندی کو برقرار رکھنا نہایت ضروری ہے، تاکہ خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار ہو سکے۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
گفتگو کے اختتام پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے برطانوی ہم منصب کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت کا اعادہ کیا، جسے دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی جہت دینے کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔












جمعہ 10 اپریل 2026 