بانی پی ٹی آئی لوگوں کو ٹشو پیپر کی طرح استعمال کرتے ہیں، طارق فضل چوہدری

Calender Icon بدھ 8 اکتوبر 2025

وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی لوگوں کو ٹشو پیپر کی طرح استعمال کرتے ہیں، یہی تاریخ علی امین گنڈاپور کے ساتھ بھی دہرائی جا رہی ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر کو ہٹانے، عدم اعتماد یا استعفے کا فیصلہ نہیں ہوا۔
 انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کے خلاف عدم اعتماد کا وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں تذکرہ نہیں ہوا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر کے استعفے یا ہٹائے جانے کی خبروں میں صداقت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کا اتحاد برقرار رہے گا، وزارتیں نہ لینے کے باوجود پیپلز پارٹی کا تعاون انکی جمہوریت پسندی ہے، عدم اعتماد کی سیاسی مخالفین کی خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز روز ملک کے لیے جانوں کی قربانیاں دے رہی ہیں، اتحاد میں شامل جماعتیں حالات کی نزاکت کے پیش نظر حمایت کر رہی ہیں۔
وفاق وزیر نے کہا کہ آج بھی سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی 11 شہادتیں ہوئی ہیں، جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کا کوئی مطالبہ غیر آئینی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو لکھ کر دیا کہ وعدوں کو پورا کیا جائے گا، احتجاج پُر تشدد مظاہروں میں تبدیل ہوئے تو وزیر اعظم نے مذاکرات کا فیصلہ کیا۔

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بھارت کی آزاد کشمیر میں پُرتشدد حالات دیکھنے کی خواہش پوری نہیں ہوئی، پر امن معاہدے پر وزیراعظم نے مذاکراتی ٹیم کو شاباش دی۔

انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں پیپلز پارٹی سے مذاکرات کا آغاز ہوا ہے، باہمی اختلاف دونوں پارٹیوں کی قیادت کی سطح پر حل ہوں گے۔