اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈاپور آج پشاور روانہ ہوں گے اور کل اپنا استعفیٰ گورنر خیبرپختونخوا کو بھجوائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کیا گیا وعدہ پورا کریں گے۔
بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں، سب بانی کے ساتھ متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں انشاء اللہ پی ٹی آئی کی ہی حکومت ہوگی اور بانی کی قیادت میں پارٹی صوبے میں متحد رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے علیمہ خانم کا کوئی ذکر نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نہیں چاہتی کہ کسی آپریشن کی وجہ سے لوگ دربدر ہوں۔ خیبرپختونخوا میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں، لیکن دہشت گردی کا خاتمہ آئین کے مطابق وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے۔