پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ جویریہ عباسی نے حال ہی میں اپنے نکاح سے متعلق دلچسپ انکشافات کیے ہیں۔
جویریہ عباسی جو کئی دہائیوں سے ٹی وی اسکرین پر اپنی منفرد اداکاری اور خوبصورتی کے باعث ناظرین کی پسندیدہ اداکاراؤں میں شامل رہی ہیں گزشتہ سال دوبارہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں۔ مداحوں نے ان کی شادی پر خوشی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا تھا جبکہ کئی لوگوں نے ان پر تنقید بھی کی۔
اداکارہ جویریہ عباسی حال ہی میں ساتھی اداکارہ و میزبان اُشنا شاہ کے شو کی مہمان بنیں جہاں انہوں نے اپنے نکاح سے متعلق دلچسپ تفصیلات بتائیں۔
جویریہ نے بتایا کہ ان کا نکاح ایک منفرد تقریب تھی جس کو انہوں نے ’سُو-شی ویڈنگ‘ قرار دیا، یعنی سنی اور شیعہ روایات کا حسین امتزاج۔ انہوں نے کہا کہ نکاح دونوں مسالک کے طریقے کے مطابق ادا کیا گیا، جس سے یہ ایک ’ڈوئل نکاح‘ بن گیا۔
جویریہ عباسی کے مطابق شادی کی تقریب میں دونوں خاندانوں کی روایتی رسومات بھی شامل کی گئیں، جس سے تقریب کا رنگ اور بھی خوبصورت ہوگیا۔
اداکارہ نے بتایا کہ وہ اپنی نئی زندگی سے بہت خوش ہیں اور اپنے شوہر کے ساتھ اس نئے سفر کو لے کر پر اعتماد اور پرجوش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تجربہ ان کے لیے نہایت خاص اور یادگار رہا۔
یاد رہے کہ جویریہ عباسی نے اپنی بیٹی کی شادی کے فوری بعد شادی کی تھی جس پر انہیں ناقدین کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔